لاہور : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے منشیات اسمگلنگ کے کیس میں بریت کے لیے درخواست دائر کردی۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ انسداد منشیات کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے کیس میں بریت کی درخواست دائر کی۔
رانا ثنااللہ کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے وزیر داخلہ پر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا لہٰذا انہیں بری کیا جائے ۔
دوران سماعت وزیر داخلہ کے وکیل فرہادشاہ ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ منشیات برآمد کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز احمد الزامات کی تردیدکررہے ہیں اور انسپکٹر احسان اعظم بھی تردیدکررہےہیں۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل کے مؤقف پر سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کو پابند کریں کہ آج ہی بحث کریں جس پر وکیل رانا ثنااللہ نے مؤقف اپنایا کہ درخواست تو دائر کرنے دیں۔
بعد ازاں عدالت نے بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے دوپہر2 بجے کا وقت مقرر کردیا۔