پشاور میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات سے پریشان ہوکر پی ٹی آئی کے تاجروں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو خط لکھ دیا۔
پشاور میں بھتے کی کالز اور گھروں پر دستی بموں سے حملوں پر تاجر شدید پریشان ہیں جس کے باعث انصاف ٹریڈرز ونگ کے تاجروں نے عمران خان کو اس حوالے سے خط لکھا ہے۔
پی ٹی آئی کے تاجروں کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں بھتہ وصولی کے واقعات بڑھ گئے ہیں، سابق وزیر حاجی جاوید اور سینیٹر ہدایت اللہ کے گھروں پر بم پھینکے گئے۔
تاجروں نے خط میں کہا ہےکہ پشاور میں امن وامان کی صورتحال غیر تسلی بخش ہوگئی ہے، صوبائی حکومت کے نوٹس میں لانےکے باوجود اقدامات نہیں کیے گئے، پشاور کے شہری بھتے اور اغوا کی وارداتوں پر پریشان ہیں۔
خط میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ دنوں گلبہار میں کسٹم افسرکو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیاگیا، تاجر رہنما کے والد کو بھتہ نہ دینے پر 2016 میں قتل کیا گیا تھا، صورتحال درست کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
پی ٹی آئی کے تاجر ونگ نے پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا ہے