پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم میں گالف کا شوق بھی بڑھنے لگا ہے۔
ملتان ٹیسٹ پانچویں روز تک نہ پہنچنے پر کراچی روانگی سے قبل کپتان بابر اعظم کو جب ایک روز فری ملا تو وہ گولف کھیلنے ملتان کے رومانزا گالف کورس پہنچ گئے اور انہوں نے بھرپور وقت گزارا۔
بابر اعظم نے 18 ہولز مکمل کیے، ان کے ہمراہ امپائر ماریس ایراسمس بھی تھے۔
بابر اعظم نے گالف کورس کی تعریف کی اور خوب تازہ دم ہوئے، بابر اعظم نے گالف انتظامیہ سے دوبارہ گالف کورس پر دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ آنے کا کہا۔
کچھ عرصے سے دیکھا گیا ہے کہ کپتان بابر اعظم کو جب بھی وقت ملتا ہے تو وہ گالف کھیلنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، وہ لاہور مین ڈیفنس رایا گالف کلب میں گولف کھیلتے ہیں۔
سابق اور موجودہ کرکٹرز میں ان دنوں گالف کھیلنے کا بہت زیادہ شوق پایا جاتا ہے، وہ سیریز یا کسی ٹورنامنٹ کے دوران گالف کھیلنے کے لیے وقت نکالتے ہیں اور تازہ دم ہوتے ہیں۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم، وقار یونس اور محمد حفیظ بھی اب باقاعدگی سے گالف کھیلتے ہیں۔
کراچی روانگی سے قبل انگلش کرکٹ اسکواڈ نے بھی گالف کورس پر وقت گزارا تھا اور ملتان ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے بھی انگلش کرکٹرز نے گالف کھیلی تھی۔