اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں معاشی استحکام کو ملک سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو، کسی کی کوشش ہےکہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے تو ایسا نہیں ہوگا،نہ کرنے دیں گے، معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام میں یہی کرنےکی سازش کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی اب عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے جب کہ سیاسی شرپسند انتشارپھیلا کردنیاکو بتانا چاہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں، سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرست اور خودغرض ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ملک ترقی کرناشروع کرتا ہے تو فسادی لشکرکیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا کہ ایک ایجنڈےکےتحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔