انسٹاگرام پر جاری شنیرا اکرم اور اداکار فیروز خان کی لفظی جنگ میں شنیرا نے عمران اشرف کو بھی گھسیٹ لیا جس کے بعد اداکار کو صفائی پیش کرنا پڑی۔
کچھ دن قبل فیروز خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ بیٹے سلطان کو گود میں بٹھا کر ڈرائیونگ کررہے تھے جس پر شنیرا اکرم نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بعدازاں دونوں میں تکرار شروع ہوگئی۔
اب عمران اشرف نے گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر اپنے بیٹے روحام کو گود میں بٹھا کر سیلفی شیئر کی جس پر شنیرا نے اسے کوئی اور ہی رنگ دے دیا۔
شنیرا نے اسے ری شیئر کرتے ہوئے فیروز خان کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب لوگ آپ سے ہمدردی میں آپ کی نقل کر رہے ہیں، براہِ مہربانی تسلیم کیجیے کہ یہ غلط ہے یا کہیے کہ چھوٹے بچوں کی جان خطرے میں ہے‘۔
انہوں نے ایک اور اسٹوری پر لکھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ آپ کی انا کو ٹھیس پہنچی ہے لیکن یہ میری ذمے داری ہے، میں کسی انفلوئنسر کو اس کے اپنے بچے کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی‘۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ چیزوں کو بڑے پیمانے پر دیکھنے کی کوشش کیجیے، یہ میری یا آپ کی بات نہیں ہے بلکہ یہ حقیقت ہے کہ آئے دن کئی بچے گاڑی کے حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن تھوڑی احتیاط سے ان حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔
تاہم اب عمران اشرف نے اس پر وضاحت پیش کی اور شنیرا اکرم کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بغیر کسی مقصد کے یہ تصویر شیئر کی، اداکار نے کہا ‘اس وقت میرا بیٹا، میں اور سابقہ اہلیہ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، میں نے تصویر محبت میں لگائی، اس سے قبل بھی میں اسکوٹر پر لی گئی بیٹے کے ساتھ تصاویر لگاتا رہتا ہوں’۔
عمران اشرف نے کہا کہ ‘مجھے اس تنازع کا کوئی علم نہیں، پھر میں مجھے اس سے منسلک کیا جارہا ہے، بھابھی تہمت بھی ایک چیز ہوتی ہے، میری درخواست ہے کہ ایسا نہ کریں، بغیر سوچے سمجھے میری ذاتی چیز کو آپ اپنے تنازع کے ساتھ جوڑ رہی ہیں’۔
انہوں نے شنیرا کے لیے کہا کہ ‘میں نے تو کچھ نہیں کہا، یہ بھی نہیں کہا کہ آپ غلط بات کررہی ہیں، میرا آپ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے تو میں آپ کی بات کے درمیان کیوں آؤں گا، بھابھی تو ماں جیسی ہوتی ہے اور آپ ہمارے لیے قابلِ عزت ہیں’۔