پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ایم پی ایز نے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کےخلاف خیبرپختونخوا کمیشن برائے وقار نسواں کو خط لکھ دیا۔
پی ٹی آئی خواتین ایم پی ایز کے خط میں لکھا گیا ہےکہ صدر پی ڈی ایم کئی مہینوں سے پی ٹی آئی خواتین کیلئے نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہیں، نسواں کمیشن خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے معاملے کا نوٹس لے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم صدر نے پریس کانفرنسز اور ریلیوں کے دوران خواتین کو بدتمیزی کا نشانہ بنایا ، جے یو آئی کا خواتین ونگ فعال نہیں، اس لیے ان کو خواتین کی تمیز نہیں ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ اقتدار کی لالچ میں ایسے لیڈرز خواتین کی اسلامی و اخلاقی اقدار کو بھول جاتے ہیں، ایسے ماحول میں خواتین کے جمہوری عمل کا حصہ بننے میں دشواریاں پیدا ہورہی ہیں، خواتین کی کردار کشی اور ان پر کیچڑ اچھالنا ہرصورت قابل قبول نہیں ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ وقارنسواں کمیشن خواتین کےخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ اٹھائیں۔