نیویارک کے بعد کراچی دنیا میں سب سے زیادہ منشیات کا استعمال کرنے والا شہر بتایا جارہا ہے۔
کراچی شہر کے کئی علاقے منشیات کی فروخت کا مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں نشہ آور افراد کےلیے چرس ہیروئن اور آئس سمیت کرسٹل تک دستیاب ہے۔
شہر کی سڑکوں سمیت انڈر پاسز سے گزریں تو نشے میں مبتلا انسانوں کی زندہ لاشیں جگہ جگہ نظر آئیں گی، نشے کی لت میں مبتلا نوجوان اپنی زندگی کو تیزی سے ختم کررہے ہیں۔
پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی ضرور کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی شہر میں بڑے پیمانے پر منشیات فروخت کی جاری ہے ، سوال یہ ہے کہ آئس سمیت یہ منشیات کہا ں سے پھیلائی جارہی ہے؟
کئی گنجان اور پوش علاقوں سمیت کچی آبادیوں میں منشیات فروخت کے محفوظ مراکز موجود ہیں، مچھر کالونی بھی منشیات کی فروخت کا مرکز کہلاتا ہےجہاں ہیروئن ،چرس،آئس سمیت تمام ہی منشیات مل جاتی ہیں۔
پکڑے جانے والے ملوث عناصر عدالتوں سے ضمانت پر رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
جی نیوز کے رابطہ کرنے پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بھی کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا۔
شہر میں اس لعنت کی روک تھام کےلیے کب سنجیدہ کوششیں کی جائیں گی اس کا جواب تاحال کسی کے پاس نہیں۔