بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنت کی اسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹر سے ہونے والی گفتگو سامنے آئی ہے۔
30 دسمبر کو ریشبھ پنت کی گاڑی کو حادثہ ریاست اترکھنڈ سے نئی دہلی آتے ہوئے پیش آیا، بھارتی وکٹ کیپر کی کار ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے باعث ریشبھ پنت کی گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔
حادثے میں ریشبھ پنت کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی حالت اب بہتر ہے۔
تاہم اس حوالے سے ڈاکٹر سُشیل نگر نے بتایا کہ ریشبھ کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ اپنے ہوش و حواس میں تھے اور انہوں نے مجھ سے گفتگو بھی کی۔
ڈاکٹر کے مطابق ریشبھ نے کہا کہ میں اپنے گھر واپس لوٹ رہا تھا، نئے سال کے موقع پر والدہ کو نیو ایئر کا سرپرائز دینا چاہتا تھا اس لیے گھر جارہا تھا۔
میڈیکل رپورٹ:
دوسری جانب ریشبھ پنت کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 سالہ ریشبھ پنت کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے ایم آر آئی کی رپورٹس نارمل آئی ہیں جبکہ چہرے پر زخموں کے باعث ان کی پلاسٹک سرجری کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاؤں میں سوجن اور درد کے باعث ریشبھ پنت کے ٹخنوں اور گُھٹنے کا ایم آر آئی آج کیا جائے گا۔