وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کا گزشتہ روز کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں گزشتہ روز کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس اسلام ہائیکورٹ نے اعتراض عائد کر دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض میں کہا گیا ہے کہ انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ دستاویزات نامکمل ہیں، الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کررہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی اسلام آباد میں آج الیکشن کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج (31 دسمبر 2022) کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی اور الیکشن عملہ بھی فوری دستیاب نہیں تھا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اتنی کم مدت میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 4 سے 5 ماہ درکار ہیں۔