بھارتی اداکارہ اروشی کی والدہ میرا روٹیلا نے حادثے کا شکار ہونے والے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کے لیے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے فالوورز سے کرکٹر کی صحتیابی کی دعا کی اپیل کی۔
میرا روٹیلا نے انسٹاگرام پر رشبھ کی تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا ‘سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہیں ایک طرف لیکن مجھے یقین ہے کہ رشبھ صحت مند ہوکر جلد انٹرنیشنل ٹیم میں شامل ہوں گے’۔
اداکارہ کی والدہ نے لکھا ‘میں پر امید ہوں کے اترکھنڈ کا نام روشن کرنے کے لیے رشبھ ضرور کھیل کی طرف لوٹیں گے’۔
میرا روٹیل کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اروشی کو مینشن کیا گیا اور تنقید کی گئی کہ انہوں نے اب تک رشبھ سے متعلق واضح بیان جاری کیوں نہیں کیا۔
اس سے قبل اداکارہ نے اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر کا نام لیے بغیر’Praying’ لکھا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے، ان کی گاڑی کو حادثہ ریاست اترکھنڈ سے نئی دلی آتے ہوئے پیش آیا، بھارتی وکٹ کیپر کی کار ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے باعث گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔
نوجوان کرکٹر حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔