لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہےکہ وہ اعتمادکے ووٹ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو درست تسلیم نہیں کرتے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے اراکین زیادہ تھے، اگر گنتی ہوتی توپھرفلور ٹیسٹ پاس ہوتا لیکن اسپیکر نے یس اور نوپرفیصلہ کردیا، یس اور نو کے ووٹ گننے کی ہماری درخواست بھی نہیں مانی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اعتمادکے ووٹ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو درست تسلیم نہیں کرتا، اس حکم میں گورنر کا اختیار سلب کیا گیا جو عدالت کا اختیار ہی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لیے جانے پر شور شرابہ کیا تھا جس کے بعداسمبلی کا اجلاس ملتوی ہوگیا تھا۔