سلیمان شہباز نے ‘جوکر’ والی ٹوئٹ سے متعلق وضاحت دیدی

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے سابق وزرائے خزانہ سے متعلق اپنی جوکر والی ٹوئٹ پر وضاحت دے دی۔

ہفتے کی صبح وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں بے گناہ قرار دیا جس کے بعد انہوں نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔

صحافی نے سلیمان شہباز سے سوال کیا کہ آپ نےٹوئٹ میں وزیر خزانہ کو جوکرکہاتھا؟ جواب میں سلیمان شہباز نے کہا پی ٹی آئی نے5 وزیر خزانہ تبدیل کیے تھے، میں نے آخری3کو کہا تھا۔

صحافی نے پھر سوال کیا کہ کیا اس میں مفتاح اسماعیل بھی شامل تھے؟ اس کے جواب میں سلیمان شہباز بولے میں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو آخری 3 وزرائے خزانہ کو جوکر کہنے پر وضاحت دینے کا کہا تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر یہ ٹوئٹ سلیمان شہباز نےکی ہے تو مناسب بات نہیں ہے، وزیرخزانہ کو جوکر کہنا نامناسب ہے، چاہےکسی بھی جماعت کا ہو، سلیمان شہباز کو وضاحت کرنی چاہیےکہ جوکر والے ٹوئٹ کا مطلب کیا تھا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں