کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں، شہر میں درجہ حرارت مزید کتنا گِر سکتا ہے؟

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور کراچی میں منگل کی صبح یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں جس نے شہر کا درجہ حرارت گرا دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح درجہ حرارت تقریباً 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کےشمالی علاقوں میں رات میں درجہ حرارت4سے 6ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وسطی اورمشرقی علاقوں میں5سے8ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے تاہم کراچی کے جنوبی علاقےمیں کم سےکم درجہ حرارت9 سے 11ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

جواد میمن کے مطابق کولڈ ویوکراچی میں 2023 کے موسم سرما کی آخری شدید سرد لہر ہوسکتی ہے۔

اُدھر نواحی علاقوں میں پارہ چھ ڈگری تک آگیا، شمالی بلوچستان میں سخت سردی کی لہر برقرا ہے۔

زیارت میں درجہ حرارت منفی 17.8 سینٹی گریڈ تک گر گیا،پشین،قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبداللہ،چمن،زیارت کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں جس کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت ہوگئی۔

دوسری جانب پاک افغان بالائی سرحدی علاقوں میں موسم کی خرابی کے سبب موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں