35 روپے کا اضافہ ہوتے ہی پیٹرول کا مصنوعی بحران منٹوں سیکنڈوں میں ختم

پیٹرول اور ڈیزل 35 روپے لیٹر مہنگا ہونے پر عوام میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے ہو گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 262 روپے 80 پیسے کا ہو گیا ہے۔

لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 18، 18 روپے بڑھنے کے بعد مٹی کا تیل 189 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 187 روپے ہو گئی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اتوار کو چھٹی کے دن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا، عوام کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے برا حال کر رکھا ہے اور حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل میں ایک دم اتنا بڑا اضافہ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی پیٹرول کا مصنوعی بحران منٹوں سیکنڈوں میں ختم ہو گیا، جو پٹرول پمپ بہانہ بنا رہے تھے کہ ان کے پاس پیٹرول موجود نہیں، ان کے تہہ خانوں سے اچانک پیٹرول نکل آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں