عمران کو پتا ہے الزامات نہ لگائے تو زرداری اس کی سیاست کو کھا جائے گا: سعید غنی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہم عمران خان کی بے شرمی، جھوٹ اور بدتمیزی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پتا ہے اگر زرداری پر الزام نہیں لگائے گا تو آصف زرداری اس کی سیاست کو کھا جائے گا، عمران خان کے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

سعید غنی کا کہنا تھا اگر عمران خان کو کچھ ہو جائے تو پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزام آئے گا، شیخ رشید نے آصف زرداری پر اتنا سنگین الزام لگایا ہے تو اس کا ثبوت تو دینا پڑے گا۔

سعید غنی کے مطابق عمران خان کی مقبولیت کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں دنیا کو نظر آگئی ہے، پی ٹی آئی کی مقبولیت میں آئے روز کمی واقع ہو رہی ہے، سیاسی انتقامی کارروائیاں بالکل نہیں ہونی چاہئیں لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے کی بھی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کو جھوٹا ثابت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ملک کی معاشی تباہی میں عمران خان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں بہت زیادہ مہنگائی ہے اور لوگ مشکلات کا شکار ہیں، آئین میں جو طریقہ کار ہے اُس کے مطابق وقت پر الیکشن ہونے چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں