ہم نے فلمی شخصیات اور دنیا کے امیر ترین لوگوں کو تو شاہانہ زندگی گزارتے دیکھا یا ان کے بارے میں سنا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ کتا بھی شاہانہ زندگی گزار سکتا ہے۔
اگر نہیں سنا تو ہم آج آپ کو اس اعلیٰ نسل کے امیر ترین کتے کے بارے میں بتائیں گے جو نامور شخصیات کی طرح شاہانہ زندگی گزار رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گنتھر فور نامی جرمن شیفرڈ کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 500 ملین ڈالر (136,423,600,000 پاکستانی روپے) ہے، اس کے پاس کئی مہنگی گاڑیاں اور بنگلے ہیں اور اس کی دیکھ بھال کے لیے بھی کئی ملازمین موجود ہیں، اس لحاظ سے اس کا شمار دنیا کے امیر ترین کتوں میں ہوتا ہے۔
تو جناب اٹلی میں پایا جانے والا جرمن شیفرڈ نسل کا یہ کتا پاپ اسٹار میڈونا کے سابق گھر میں رہتا ہے اور اس کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر بہت جلد ایک ڈاکیومینٹری ’گنتھر ملینز‘ بنائی جائے گی جسے نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔
اس ڈاکیو مینٹری میں جرمن شیفرڈ کتے کی شہرت کے علاوہ یہ بھی دکھایا جائے گا کہ اس نے پراپرٹی کیسے بنائی۔
کتے پر ڈاکیومینٹری بنانے والے ڈائریکٹر اوریلین لٹرجی کا کہنا ہے کہ اس کتے کی اسٹوری بہت ہی دلچسپ ہے اور ہر کوئی حیران ہے کہ کیسے ایک کتا اتنا امیر ہو سکتا ہے اور اتنی شاہانہ زندگی کیسے گزار رہا ہے، زیادہ سے زیادہ لوگ اس بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جرمن شیفرڈ کتے کو زیادہ تر پراپرٹی اس کی مالکن کارلوٹا لیبنسائن سے وراثت میں ملی کیونکہ لیبنسٹائن کا ایک ہی بیٹا تھا جس نے خودکشی کر لی تھی اور ایسی صورتحال میں لیبنسٹائن نے 1992 میں مرنے سے قبل ایک ٹرسٹ بنائی اور اپنی ساری دولت اپنے پالتو کتے کے نام کر لی۔
ڈاکیو منٹری میں بتایا گیا ہے کہ گنتھر فور نامی کتا ایک اٹالین فارماسیوٹیکل کمپنی کا بھی مالک ہے۔