سابق قومی کرکٹر کامران اکمل نے پرانی یادداشتوں کے اوراق پلٹتے ہوئے 2012 میں پاک بھارت میچ کے دوران ایشانت شرما سے ہونے والی تلخ کلامی کے پیچھے کی ساری کہانی سنا دی۔
پاکستانی یوٹیوبر سے بات کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز ہمیشہ ہی بہت سنسنی خیز اور جوش و ولولے سے بھرپور ہوتے ہیں، ایسے میں کھلاڑیوں کے درمیان چھوٹی موٹی تکراریں بھی ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2012 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری مقابلے میں میچ بھارت کے ہاتھوں سے نکل رہا تھا اس ٹینشن کی صورتحال میں بھارتی فاسٹ بولر ایشانت شرما کے غیر اخلاقی رویے کی وجہ سے تلخ کلامی ہو گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میچ کے دوران شعیب ملک اور حفیظ بہت اچھا کھیلے تھے جس پر ایشانت شرما بھڑکے ہوئے تھے اور انہوں نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔
کامران اکمل نے بتایا کے بھارتی فاسٹ بولر ایشانت شرما کی گالیوں سے ماحول گرم ہو گیا اور جواب میں انہیں بھی بہت ساری جوابی گالیاں سنائی گئیں، بعد میں بھارتی کپتان ایم ایس دھونی اور سریش رائنا نے بیچ میں مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کروایا تھا۔
کامران اکمل نے اپنے انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے 2009 میں ایشیا کپ کے انڈیا پاکستان میچ کے دوران گوتم گمبھیر سے ہونے والی تلخی کو اپنی غلط فہمی قرار دیا۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میچ بہت سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا تھا تب گوتم گھمبیر نے مزاحیہ انداز میں کچھ کہا تھا، مجھے لگا انہوں نے مجھے کچھ کہا ہے جس پر میں بھڑک گیا لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ گوتم گھمبیر نے اس وقت واقعی خودکلامی ہی کی تھی۔