لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق نوجوان کے لواحقین کی درخواست پر ایف آئی اے گجرات نے کاررواتی کرتے ہوئے 2 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اٹلی کے بعد لیبیا میں بھی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے خلاف مقدمہ حادثےمیں جاں بحق منیب الرحمان کے والدکی مدعیت میں درج کیا گیا۔
جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزد 6 ملزمان میں سے 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے غلام سرور وڑائچ کے مطابق گرفتار ملزمان میں راجا راحیل اور سفیان شامل ہیں ،ملزمان کو گجرات،کوٹلہ ارب علی خان سے گرفتار کیا گیا۔
غلام سرور نے کہا کہ مقدمے میں نامزد دو انسانی اسمگلر حمزہ اور آفاق لیبیا میں مقیم ہیں جبکہ ملزم حمزہ انسانی اسمگلنگ کے گروہ کا سرغنہ ہے۔