تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے، یہ نہیں ہوسکتا ہر کوئی آپ کے حق میں بولے: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے اور یہ چلتا رہے گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ہر کوئی بس آپ کے حق میں بولے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں ہر صورت میں پازیٹو رہنے کی کوشش کرتا ہوں، جتنا میں چیزوں کو پازیٹو لیتا ہوں اتنا میرے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، میں نہ تنقید پر تبصرہ کرتا ہوں، نہ بحث کرتا ہوں اور یہ میرا بنتا بھی نہیں۔

کپتان نے کہا کہ تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز کی اپنی رائے ہوتی ہے، ہرکسی کا ایک اپنا مائنڈ سیٹ ہے، میرا اپنا مائنڈ سیٹ ہے، میں بھی وقت کے ساتھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، چیزیں تبدیل اور تیز ہو گئی ہیں، اسی کے مطابق چلتا ہوں، آپ ہر روز سو فیصد پرفارم نہیں کر سکتے، بس یہ ہے کہ آپ سیکھتے کیسے ہیں۔

‘ہم نے غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے’

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پشاور زلمی کے ساتھ سفر جاری ہے جو اچھا جا رہا ہے، کچھ غلطیوں کی وجہ سے ہمارے کچھ میچز اچھے نہیں گئے، ہم نے غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔

نئی ٹیم کے حوالے سے بابر نے کہا کہ ہم پروفیشنل کرکٹر ہیں، جتنا جلد دوسری ٹیم میں گھل مل جائیں اتنا اچھا ہوتاہے، پشاور زلمی فیملی میں انضمام الحق اور محمد اکرم سے میرا کافی تعلق رہا ہے، اس لیے کوئی مشکل نہیں جب کہ ڈیرن سیمی تجربہ کار کرکٹر ہیں، کپتانی کر چکے ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

پی ایس ایل میں ایک دوسرے سے رقابت ہونا اچھا ہے: قومی کپتان

بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں ایک دوسرے سے رقابت ہونا اچھا ہے، ہر کوئی اپنی ٹیم کو جتانے کی کوشش کرتا ہے، جب آپ بہترین کھلاڑی کو آؤٹ کرتے ہیں یا کوئی بیٹر رنز کرتا ہے تو کرکٹر کے لیے فائدہ مند بات ہے۔

بابر اعظم کہتے ہیں کہ احسان اللہ سمیت جو ینگ بولرز آ رہے ہیں وہ پاکستان کے لیے اچھا ہے لیکن یہ نوجوان کھلاڑی جتنا کھیلیں گے اتنا اچھا ہے، ابھی ہم انہیں بہترین قرار نہیں دے سکتے کیونکہ بہترین بننے کے لیے زیادہ سے زیادہ تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہو گا، ہر ٹیم میں بڑے اچھے ایمرجنگ کھلاڑی ہیں، انہیں پریشر میں کھیلنا سیکھنا ہو گا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے سال 2022 شاندار رہا اور اس کی بنیاد پر انہیں آئی سی سی ایوارڈز بھی ملے، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز کے لیے اللہ نے مجھے نوازا ہے، جتنا شکر ادا کروں کم ہے، یہ سب میری سخت محنت اور مائنڈ سیٹ کی وجہ سے ہے کہ آپ نے اپنے لیے کیا گول سیٹ کیے ہیں۔

رکی پونٹنگ نے کچھ دیکھا ہو گا تو تعریف کی: بابر اعظم

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کی جانب سے آئی سی سی ایوارڈز ملنے کے بعد کی جانے والی تعریف سے متعلق بابر نے کہا کہ رکی پونٹنگ دنیا کے بہترین کرکٹر رہے ہیں، جب کوئی لیجنڈ تعریف کرتا ہے تو اس سے اعتماد بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رکی پونٹنگ نے کچھ دیکھا ہو گا تو تعریف کی، میں نے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے ساتھ ڈریسنگ رومز شیئر کیے ہیں۔

بابر کا کہنا تھا کہ ان سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے، اس دور میں جن چیزوں کی مجھے ضرورت تھی میں نے ان سے پوچھیں، سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے نے بہت سکھایا، یہ اعزاز ہے جب کوئی تعریف کرتا ہے، میں سب کو غور سے سنتا ہوں تاکہ مزید خود کو بہتر کروں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں