فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
لاہور پولیس کے سب انسپکٹر وسیم کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہےکہ شاہ محمود اور فواد چوہدری نے زمان پارک میں پریس کانفرنس کی، اس دوران کینال روڈ بلاک ہوگئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی نے فتنہ انگیز اور اشتعال انگیز تقریرکی، فواد چوہدری نے عوام کو حکومت پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا، فواد چوہدری نے شارع عام پر آمدورفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا، فواد چوہدری نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا۔
مقدمے میں روڈ بلاک، دھمکیوں اور اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔