اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پارٹی چیئرمین شپ کے معاملے پر سماعت کے دوران بدتمیزی کرنے پر درخواست گزار کو کورٹ روم سے باہر نکال دیا گیا۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر اور درخواست گزار آفاق احمد الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت درخواست گزار آفاق احمد نے چیف الیکشن کمشنرسے مسلسل بدتمیزی کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن نے غلط پتے پرنوٹس بھیجے، اپنے عملے کو ٹھیک کریں۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اونچا بولنے سے ہم آپ کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کے روکنے کے باجود درخواست گزار آفاق احمد نے مسلسل شور کیا جس پر سکندر سلطان نے حکم دیا کہ ان کو پکڑ کر کمرہ عدالت سے باہر نکالیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے حکم پر درخواست گزار کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا جب کہ سکندر سلطان راجہ نے آفاق احمد کی درخواست بھی مسترد کردی۔
چیف الیکشن کمشنر کے حکم پر درخواست گزار نے معافی کی التجا کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے آفاق احمد کو کورٹ روم سے باہر نکال دیا۔