لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو آج ریلی نکالنے کی اجازت دے دی۔
پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی درخواست پر تحریری اجازت دی گئی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے بیان حلفی لینے کے بعد تحریری اجازت دی گئی۔
تحریری اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کےساتھ مکمل تعاون کریں گے، پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سکیورٹی، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں گے۔
اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ پبلک پراپرٹی کونقصان پہنچنےپر پی ٹی آئی انتظامیہ ذمہ دارہوگی، عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریرکی اجازت نہیں ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کی جائے گی۔
اجازت نامے کے متن کے مطابق کاروباری مراکز کو بند کرنے، نقصان پہنچانےکی اجازت ہرگز نہیں ہوگی، کارکن، تمام متعلقہ افراد ڈنڈے، یا ایسی کوئی دیگر چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے، ریلی کےلیے کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے۔
اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ ریلی روٹ پر کسی بھی طرح وال چیکنگ نہیں ہوگی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائےگا اور ریلی کو شام ساڑھے 5 بجے ختم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کل زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالے گی جس میں قیادت عمران خان کریں گے۔