اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے ایک صفحے پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ عمران خان کی جانب سے 13مارچ کو جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کیاگیا ہے، عدالتی پیشی یقینی بنانے کے لیے سیشن عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ وکیلِ ملزم کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان سیشن عدالت پیش نہیں ہوئے، وکیلِ ملزم کے مطابق حکومت کی جانب سے مہیا کی گئی سکیورٹی بھی عمران خان سے واپس لےلی گئی ہے، سکیورٹی واپس لینےکی حکومتی دستاویزات عدالت کو مہیا کرنے کے لیے عمران خان کے وکلا نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ عمران خان کے وکلا سکیورٹی واپس لینے والی حکومتی دستاویزات کے ساتھ 16 مارچ کو عدالت پیش ہوں جب تک سیشن عدالت سے جاری عمران خان کےناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے احکامات 16 مارچ تک معطل رہیں گے۔