اسلام آباد: تحریک انصاف کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا ہےکہ عمران خان کل عدالت میں پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی سربراہی میں گزشتہ رات پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں لیگل ٹیم نے مختلف قانونی آپشنز کے استعمال پر بات کی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹیم سے طویل مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ میٹنگ میں خواجہ حارث، انتظارپنجوتھا،گوہر علی خان اور دیگر وکلانے قانونی نکات پر بات کی جب کہ پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے عمران خان کو قانونی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کل اسلام آباد ضلعی کچہری پیش ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں توشہ خانہ کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد ہونےکو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے پر غور کیا گیا اور سیاسی نوعیت کے مقدمات درج ہونے سے روکنے کے لیے بھی ہائیکورت جانے پر غور ہوا، اس کے علاوہ سول جج کے جاری کردہ وارنٹ کی تاریخ تبدیل کرنے کے لیے سیشن عدالت میں اپیل پرگفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق 18 مارچ کو عمران خان کی اسلام آباد پیشی پردونوں ناقابل ضمانت وارنٹ نمٹانےکی کوشش ہوگی جب کہ عمران خان کو ضلعی کچہری میں سکیورٹی دینے کے لیے سیشن عدالت سے رجوع کیاجائےگا۔
عمران کل عدالت میں پیش ہونگے: وکیل
دوسری جانب تحریک انصاف کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے عدالتوں سے پیچھے نہیں ہٹنا ہے ہم عدالتوں پریقین کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاری کا مسئلہ نہیں، عمران خان 18 تاریخ کو عدالت میں پیش ہوں گے اورکل ممکن ہے کہ پہلے وہ لاہور ہا ئیکورٹ میں بھی پیش ہوں۔
عمران خان کی گرفتاری کی کوشش
واضح رہے کہ اسلام آباد کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
اسلام آباد پولیس نے لاہور پولیس کے ہمراہ وارنٹ کی تعمیل کے لیے زمان پارک میں کارروائی کی جس میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے کی جانے والی کوشش میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپ ہوئی جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت 60 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔