پنجاب اور کے پی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے: عرفان قادر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عرفان قادر نے پنجاب اور کے پی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔

عرفان قادر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کے خلاف عدالتی حکم نہ ماننے پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہاکہ اگر آئین میں 90 روز میں انتخابات کاذکر ہے تو آئین میں یہ بھی درج ہے کہ اگر کوئی چیز بروقت نہ ہوسکے تو وہ بعد میں بھی کی جاسکتی ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے۔

دوسری جانب سابق صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ یہ آئین کی معطلی کے مترادف ہے، سب سے پہلے توہین عدالت الیکشن کمیشن کے ممبران کے خلاف لگے گی، جن افراد نے الیکشن کمیشن کے بقول ان سے تعاون کرنے سے انکار کیا ہے ان کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سےآگاہ کیا، انہوں نے دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں