پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
شارجہ اسٹیڈیم کے منتظمین نے پاک افغان میچز کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے، شائقین کو پُرامن رکھنے کیلئے اضافی سکیورٹی کی تیعناتی کا بھی امکان ہے۔
چند ماہ قبل ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کے دو چھکوں کے بعد پاکستان کی افغانستان کے خلاف ناقابل یقین فتح پر تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد شارجہ اسٹیڈیم اب پاکستان اور افغانستان کے تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی میزبانی کررہا ہے۔
ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار شارجہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں ملکوں کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھانے کی تجویز ہے۔
شارجہ اسٹیڈیم کے ایک اعلیٰ افسر نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ ایشیا کپ میچ کے بعد افغان تماشائیوں نے جو کیا وہ شرم ناک تھا، پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بھی حالات پر تشویش ہےاس بار ہم نے سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق بنایاجارہا ہے۔
شائقین کو مختلف اسٹینڈز میں بٹھانے کی تجویز پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دی تھی۔