ہم سب یہ توجانتے ہیں کہ کرکٹ میں اگر بیٹر بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوجائے تو اسے ‘ڈک ‘ یعنی انڈے پر آؤٹ ہونا کہا جاتا ہے۔
کرکٹ میں ایک اور اصطلاح ‘گولڈن ڈک’ بھی مشہور ہے،اگر کوئی بیٹر اپنی پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوجائے تو اسے گولڈن ڈک کہا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں ہی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھارتی ٹیم کے جارحانہ اور 360 ڈگری پر شاٹس کھیلنے کے لیے مشہور سوریا کمار یادیو نے انوکھا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
سوریا کمار آسٹریلیا کے خلاف لگاتار تین ون ڈے میچز میں پہلی ہی گیند یعنی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہونے والے پہلے بھارتی کرکٹر بن گئے۔
2 میچز میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ایل بی ڈبلیو کیا جب کہ تیسرے میچ میں اسپنر آشٹن آگر نے انہیں بولڈ کیا۔
سوریا کمار یادیو گولڈن ڈک (پہلی گیند پر آؤٹ ) ہونے والے دنیا کے چودھویں بیٹر بن گئے۔
لیکن کیا آپ ‘ڈائمنڈ ڈک’ کے بارے میں جانتے ہیں؟
کرکٹ کی اصطلاح میں ڈائمنڈ ڈک کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی بیٹر بغیر کوئی لیگل گیند کھیلے ہی صفر پر آؤٹ ہوجائے۔
ایسا عموماً نان اسٹرئیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہونے پر ہوتا ہے۔ مثلاً نیا بیٹر پچ پر آیا پر وہ ابھی نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود ہے اور اس نے ابھی تک کوئی گیند بھی نہیں کھیلی پر اس دوران وہ رن آؤٹ ہوجائے تو اسے ڈائمنڈ ڈک کہا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ بغیر کوئی گیند کھیلے اور صفر پر موجود نئے بیٹر کے اسٹرائیکر اینڈ پر وائیڈ گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہونے کو بھی ڈائمنڈ ڈک کہا جائے گا۔