نیوزی لینڈ کیخلاف نوجوان پلیئرز کھیلیں گے یا سینئرز؟ فیصلہ جلد متوقع

پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کے فیصلے پر از سر نو غور کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سریز میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب افغانستان کے ہاتھوں سیریز میں شکست کے بعد اس پلان پر از سر نو غور کیے جانے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام کرایا جانا تھا اور ون ڈے سیریز میں ان کو شامل کیے جانے کا امکان تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک رائے یہ بھی پائی جاتی ہے کہ چونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس لیے پلان کے مطابق پاکستان بھی نوجوان کھلاڑی کھلائے، ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو اعتماد ملے گا اور وہ اچھا پرفارم کریں گے۔

پلان کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو ہی موقع دینے یا نہ دینے کے حوالے سے رواں ہفتے فیصلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے جس کا آغاز 14 اپریل سے لاہور میں ہو گا جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد 5 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف بابر اعظم ، فخر زمان ، محمد رضوان ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں