بھارتی ڈائریکٹر کا بیگم نوازش علی کی بائیوپک بنانے کا اعلان

بھارتی ڈائریکٹر دیپک پانڈے نے پاکستانی میزبان، رائٹر اور اداکار علی سلیم عرف بیگم نوازش علی کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی سلیم کی زندگی کی کہانی متاثر کن ہے جس طرح بہادری اور ہمت سے انہوں نے اپنی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کیا۔

قوی امکانات ہیں کہ اس فلم میں بالی وڈ کی اداکارہ ملیکا شراوت مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔

اس حوالے سے دیپک پانڈے کا کہنا ہے وہ چاہتے ہیں کہ علی کا کردار ملیکا شراوت نبھائیں کیونکہ اس کردار کے لیے کسی ایسی اداکارہ کی ضرورت ہے جو بے باک اور مضبوط شخصیت کی مالک ہو اور یہ خصوصیات ملیکا میں ہیں۔

فلم ساز کے مطابق انہوں نے فلم کے اس کردار کے لیے ملیکا شراوت سے رابطہ بھی کیا ہے تاہم اداکارہ کا حتمی اعلان آنے والے کچھ دنوں میں کردیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی۔

واضح رہے کہ علی سلیم نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم مرحوم بے نظیر بھٹو سے متاثر ہوکر خاتون کا روپ دھار کر ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی جس میں مقبول اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کرتے تھے۔

بیگم نوازش علی نے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 4 میں بھی شرکت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں