اسلام آباد: عمران خان کے وکلا نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال رکھنے کی استدعا کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکانے کے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکلا نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کی اور کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں، جان کو خطرہ ہے، ان سے سکیورٹی واپس لینے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے۔
اس پر جج نے کہا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ابھی تک کوئی پیش نہیں ہوا، دیکھتے ہیں وہ کیا کہتے ہیں، عمران خان کے وکیل نے جج سے مکالمہ کیا کہ میں ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ جارہا ہوں۔
جج نے کہا کہ آپ بے شک چلے جائیں،آپ کے دلائل تو آگئے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کردیا۔
واضح رہے کہ عمران خان کو آج اسلام آباد کچہری میں دو مختلف عدالتوں نے طلب کر رکھا ہے، خاتون جج کو دھمکی کیس میں سول جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کو طلب کر رکھا ہے جب کہ لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں عمران خان کو سول جج مبشرحسن چشتی نے طلب کررکھاہے۔