rana sanaullah

‘ڈبہ پیر، ڈاکو اور دانشور منتظر ہیں کہ کب عمران نااہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں’

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ منتظر ہیں کہ کب عمران نا اہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں۔

رانا ثنا اللہ نے شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویز الہٰی کے بیانات پر ردعمل میں کہا کہ ڈبہ پیر، ڈبو، عمران کا ڈاکو اور دانشور منتظر ہیں کہ کب عمران نا اہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک کا رنگ باز، ملتان کا ڈبہ پیر، سپریم کورٹ کے اکثریت ججز کی رائے کی توہین کر رہے ہیں، دو مداریوں کے ساتھ تین ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے تین ججز کے حامی و ترجمان بن گئے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ عمران کا شیطانی ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، جج کو گالی اور دھمکی دینے والے بے شرم عدالتی احترام کا بھاشن دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں