rana-tanveer-hussain

9 رکنی بینچ کے3رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں: رانا تنویر

شیخوپورہ: وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ 9 رکنی بینچ کے3رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، یہ اندرونی اختلاف اور کیس پر عدم اتفاق کا نتیجہ ہے۔

شیخوپورہ کی تحصیل شرقپور میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب میں رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نےاتفاق رائےسے اس کیس کو ناقابل سماعت قرار دیا، سیاسی جماعتوں کو سیاست کی بجائے ریاست کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 9 رکنی بینچ کے3رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، یہ اندرونی اختلاف اور کیس پر عدم اتفاق کا نتیجہ ہے، اس پر فل کورٹ بنانے کا مطالبہ بالکل درست اور جائز ہے ، فل کورٹ کے ذریعے عدلیہ آئینی بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کرے ورنہ آئینی اورسیاسی معاملات بند گلی میں چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت بن چکی جسے جمہوری اقدار کا کوئی خیال نہیں، قوم بھی فیصلہ کرےکہ آئین و قانون کی بالادستی کی خاطر کردار ادا کرنا ہے یا آئین و قانون شکنوں کا ساتھ دیناہے، اب عمران خان جس طرح بات کریں گے، اسی طرح کا جواب ملےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں