‘مداحوں نے مزار پر سمیع اور میری شادی کی دعا کی’، فضا علی نے دلچسپ قصہ سنا دیا

پاکستان کی سابقہ سپر ماڈل، اداکارہ اور میزبان فضا علی نے ایک ڈرامے کی عکس بندی کے دوران پیش آئے دلچسپ واقعے سے متعلق بتایا ہے۔

حال ہی میں فضا علی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس کے میزبان اداکار سمیع خان اور جگن کاظم تھیں۔

جیسے ہی میزبانوں نے فضا کا تعارف کرایا تو اداکارہ نے فوراً ہی ماضی کا ایک مضحکہ خیز قصہ بیان کردیا۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘ایک مرتبہ ہم شوٹنگ کے لیے داتا دربار کے عقب میں واقع ایک مزار پر گئے، وہاں لوگ دھاگے باندھ کر دعائیں کرنا شروع ہوگئے کہ میرے اور سمیع کے کرداروں کی شادی ہوجائے’۔

فضا نے کہا کہ ‘میں نے دیکھا تو کہا کہ بھائی میں اپنی جگہ شادی شدہ ہوں اور سمیع کی بھی حقیقت میں شادی ہوچکی ہے’۔

اداکارہ نے کہا ‘لوگ کہنے لگے نہیں بس ہمیں نہیں پتا، آپ نے ان ہی سے شادی کرنی ہے، چاہے یہ ڈرامے میں غنڈہ ہے، اچھا آدمی نہیں ہے لیکن آپ ان ہی سی شادی کیجیے گا، میں نے کہا چل کیا رہا ہے، لوگ ہمارے سامنے دھاگے باندھنا شروع ہوگئے’۔

فضا نے مزید کہا ‘میں نے سمیع کو کہا کہ یا تو مجھے اپنی شادی خراب ہوتی دکھ رہی ہے یا تمہاری شادی خراب ہوجائے گی، اس کے بعد یہ ہی ہوا، میری تو خراب ہوگئی یہ اپنی بچا گیا’۔

اداکارہ کی بات سن کر جگن کاظم نے کہا ‘اللہ کا شکر ہے اور اللہ کرے سمیع کی شادی برقرار رہے، کچھ لوگ اپنی شادی سے بہت خوش ہوتے ہیں اور سمیع ان میں سے ایک ہے’۔

خیال رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے، بعدازاں ان کی طلاق ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں