اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کےخلاف مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی 8 ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے افسوس ناک واقعات ہوئے، او آئی سی کا بھارت میں مسلم مخالف واقعات پر بیان خوش آئند ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، بھارت انسانی حقوق کے محافظوں اور مسلمانوں کے خلاف مظالم بند کرے، مقبوضہ کشمیر میں بھی کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ کے حکام کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ آمنہ بلوچ کوبیلجیئم اور لکسمبرگ کا سفیر تعینات کردیا گیا ہے۔