ججز پارلیمان کی عزت نہیں کرینگے تو پارلیمنٹ کو عزت کرانا آتی ہے: رانا مشہود

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہےکہ ججز پارلیمان کے مرہون منت ہیں اور اگر یہ پارلیمان کی عزت نہیں کریں گے تو پارلیمنٹ کو اپنی عزت کرانا آتی ہے۔

لاہور کے علاقے گلشن راوی میں اپنے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں رانا مشہود نے کہاکہ سپریم کورٹ کو اب یہ جان لینا چاہیےکہ پارلیمان سپریم ادارہ ہے، معیشت کو بہتر کرنے کےلیےفسادی سیاست ختم کرنےکی ضرورت ہے۔”

انہوں نے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی، ایک جنرل کو یہ اپنا ابو کہتےہیں، جب وہ چلا جائےتو چیف جسٹس کو ابو کہنا شروع کر دیتے ہیں،ثاقب نثار کو چوراہے پر لٹکایا جانا چاہیے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف انشا اللہ جلد واپس آئیں گےاور پاکستان دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہوگا ، جن لوگوں نے نواز شریف کو نااہل کیا تھا، ان کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے اور آرٹیکل 6 کے مطابق سزائیں ملنی چاہئیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ جو آئین کے مطابق فیصلے نہ کریں، ان پر غداری کے مقدمے ہونے چاہئیں جب کہ ججز پارلیمان کے مرہون منت ہیں، اگر یہ پارلیمان کی عزت نہیں کریں گے تو پارلیمنٹ کو اپنی عزت کرانا آتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں