پاکستان کی نامور اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے کئی سال پرانے رشتے کے حوالے سے انکشاف کیا اور کہا کہ اس رشتے میں انہیں ذہنی و جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا لیکن کسی طرح وہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔
حال ہی میں عائشہ عمر نے اداکارہ، ماڈل و ڈائریکٹر فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنی زندگی کے تلخ ترین دور سے متعلق گفتگو کی۔
دوران انٹرویو اداکارہ نے بتایا کہ ‘8 سال قبل کی بات ہے، ہماری تقریباً بات پکی ہو چکی تھی، ہم فیملی کی طرح تھے، مجھے اس رشتے کو ختم کرنے یا اس سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں سمجھتی تھی شاید وہ شخص میری محبت سے بدل جائے گا، میں اسے ٹھیک کرلوں گی’۔
عائشہ نے کہا ‘وہ شخص سب کچھ کرنے کے بعد معافیاں مانگتا تھا جس کے بعد میں اسے معاف کردیتی تھی اور واپس اس کی طرف چلی جاتی تھی لیکن ایک دن اس نے مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، اس دن میں نے فیصلہ کیا کہ نہیں اب مزید نہیں اور پھر میں نے رشتہ ختم کردیا’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘جس سے میری بات پکی ہوئی تھی وہ دن رات گالم گلوچ کرتا تھا، وہ ایسا شخص تھا جسے گالیاں دینے کی عادت تھی، وہ کہتا تھا کہ میں پیار میں گالیاں دیتا ہوں’۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ ‘مجھے اس صدمے سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس شخص کی وجہ سے برباد کردیے’۔