پشاور: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا حمایت اللہ نے کہا ہے کہ عید سے قبل سرکاری ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جاسکتیں لہٰذا ملازمین کو تنخواہیں عید کے بعد معمول کے مطابق دی جائیں گی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حمایت اللہ نے کہا کہ جنرل فنانشل رولز میں ہے کہ مہینے کے آخری 10 ایام میں اگر کوئی تہوار آتا ہے تو سرکاری تنخواہ ایڈوانس دی جاتی ہے، اس معاملے پر کابینہ کا اجلاس بلایا گیا جس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ 14 ارب کا اوو ڈرافٹ ہے اور اس وقت تنخواہوں کی کُل رقم 48 ارب روپے ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ صوبے کے موجودہ معاشی حالات میں ممکن نہیں ہے کہ سرکاری ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہیں دیں جب کہ سرکاری ملازمین کی ایسوسی ایشنز نے بھی کہا کہ ایڈوانس تنخواہ کے بعد والی مہینے میں کافی مالی مُشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کی بنیاد پر تنخواہیں اگلے مہینے میں معمول کے مطابق ہی ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے اخراجات کا 6 فیصد صوبے میں پیدا کرتے ہیں، بجلی کے خالص منافع کی مد میں 62 ارب روپے کے بقایاجات ہیں جب کہ این ایف سی کی مد میں 21 ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں جس کے باعث صوبہ مالی مسائل کا شکار ہے۔