اینٹی کرپشن میں بزدار کیخلاف ایک اور انکوائری شروع، 17 اپریل کو طلب

لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے عثمان بزدار کے خلاف ایک اور انکوائری شروع کردی اور سابق وزیراعلیٰ کو 17 اپریل کو طلب کرلیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق عثمان بزدار پر پرائیویٹ زمین پر سرکاری خرچ سے ہال تعمیر کرانے کا الزام ہے، ہال کی تعمیر میں 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کا خرچہ کیا گیا، ہال کی تعمیر کے لیے لینڈ ایکوزیشن کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ ہال عثمان بزدار کے والد کی قبر کے ساتھ تعمیر کرایا گیا ہے اور اس کا ورک آرڈر اپنے قریبی عزیز غلام اکبر بزدار اینڈکمپنی کو دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پرائیویٹ فریقین سے سرکار کے نام کوئی انتقال بھی درج نہیں کیا گیا، عثمان بزدار نے ہال کو ذاتی استعمال میں رکھا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ عثمان بزدار کے خلاف پہلے 10 کرپشن کیسز کی انکوائریاں چل رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں