لاہور: جماعت اسلامی نے سیاسی تناؤ کم کرنے کے لیے چوہدری شجاعت سے تعاون کرنے کی درخواست کردی۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے لاہور میں (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت سے ملاقات کی جس میں چوہدری سرور اور چوہدری شافع بھی موجود تھے، اس دوران لیاقت بلوچ نے لیگی قیادت سے سیاسی تناؤ میں کمی کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ وہ بھی سیاسی بحران ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے، پہلی بار ادارے دست و گریباں ہیں جو کسی صورت مناسب نہیں۔
سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لیے ایک ہی دن الیکشن ہونے چاہئیں، معاشی صورتحال بار بار انتخابات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔