سندھ ہائیکورٹ: نیب کی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مستردکرنےکی استدعا

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ ہائی کورٹ سے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

نیب اور آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر نے جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق آغا سراج درانی کو 12 اپریل 2019 کو جیل لایا گیا تھا، 13 دسمبر 2019 کو آغاسراج درانی کی ضمانت منظور ہونے کے بعد رہا کردیا گیا تھا، آغا سراج درانی کو دوبارہ 6 دسمبر 2021 کو جیل لایا گیا، ابھی تک وہ جیل میں ہیں، آغا سراج درانی نے ایک سال 11 ماہ اور 25 دن جیل میں گزارے ۔

نیب کی جانب سے جمع کرائےگئے جواب میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم بااثر ہے، ریفرنس کےگواہوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے، ملزم سراج درانی کی درخواست ضمانت مستردکی جائے۔

نیب کے مطابق آغاسراج درانی و دیگر کے خلاف دائر ریفرنس میں رقم 500 ملین سے زائد کی ہے، آغا سراج درانی نے فیملی ممبرز، ملازمین اور فرنٹ مینز کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔

عدالت نے3 مئی کو آغاسراج درانی کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب کرلیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں