بھارتی اداکار سمپتھ جے رام بیوی کو ڈرانے کیلئے مبینہ طور پر خود کشی کا ڈرامہ رچاتے ہوئے اصل میں انتقال کر گیا۔
بھارت کی کنناڈا کی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ سمپتھ جے رام 22 اپریل کو اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹکے ہوئے مردہ حالت میں پائے گئے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ اداکار انڈسٹری میں کام نہ ملنے کی وجہ سے کافی عرصے سے پریشان تھے اور مالی حالات خراب ہونے کے باعث سمپتھ جے رام نے خودکشی کی۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کی جانب سے اداکار کی موت کے حوالے سے حیران کن دعویٰ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمپتھ کے قریبی دوست اور اداکار راجیش دھروا نے انکشاف کیا ہے کہ سمپتھ بیوی سے جھگڑے کے بعد بیوی کو ڈرانے کے لیے خود پنکھے سے لٹکا لیکن بدقسمتی سے وہ ڈرامہ حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔
اداکار کے قریبی دوست نے بتایا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا دوست سمپتھ جے رام کمزور ذہن کا نہیں تھا کہ وہ خود کشی کرتا، رات گئے اس کا بیوی سے معمولی جھگڑا ہوا جو ہر رشتے میں ہوتا ہے۔بعد ازاں محض مذاق کے طور پر اس نے بیوی کو خودکشی کرکے ڈرانے کے لیے خود کو پھانسی دینے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے وہ اس عمل میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
رپورٹس کے مطابق سمپتھ جے رام نے کئی مشہور ٹی وی شوز میں کام کیا۔