مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق اور ایاز صادق پی ٹی آئی رہنما پرویزخٹک کی اہلیہ کے انتقال پر تعزيت کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔
وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق ڈیفنس لاہور میں پرویز خٹک کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔
دوران ملاقات خواجہ سعد رفیق اور چوہدری پرویز الٰہی نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا جب کہ ایاز صادق پرویز الٰہی سے گلے ملے، اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان سرگوشیاں بھی ہوئیں۔
اس موقع پر سعد رفیق کا اسد قیصر سے کہنا تھا کہ ہمارا تو آپ سے رابطہ ہے، سنا ہے پی ٹی آئی نے نام تبدیل کردیے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ نگران حکومت کی مدت ختم ہوگئی، ہم نے تو پنجاب اور کے پی کے حوالے سے پٹیشنز دائر کر دی ہیں، تمام سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے احترام اور عزت پر قائم رہیں تا کہ ایک ہی دن اکٹھے الیکشن ہو سکیں۔
دوران ملاقات میں ایک رائے یہ بھی سامنے آئی کہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کی بحالی بھی بحران حل کرنے اور آئندہ انتخاب کی ایک تاریخ میں کردار ادا کرسکتی ہے ۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی دو روز قبل پرویزخٹک کی اہلیہ انتقال کرگئی تھیں۔