ایچ آرسی پی نے مہنگی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اضافہ پریشان کن قرار دے دیا

لاہور : انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی ) کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے سیاسی انتشار نے پارلیمانی بالادستی کو نقصان پہنچایا ہے اور مہنگی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اضافہ پریشان کن ہے اس سے زرعی زمین ختم ہوجائےگی۔

ایچ آر سی پی کے ششماہی اجلاس کے دوران ملک کی خراب معاشی حالت، بچوں کی مشقّت اور غربت کی وجہ سے ہونے والی خودکشیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔

اس موقع پر ایچ آر سی پی کا کہنا تھا کہ معاشی عدم مساوات میں کمی لانے کیلئے فوری زرعی اصلاحات کی جائیں، مہنگی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اضافہ پریشان کن ہے اس سے زرعی زمین ختم ہوجائےگی۔

ایچ آر سی پی کے مطابق مردم شماری سے متعلق خدشات اور مکمل گنتی نہ کرنے کے الزامات کا نوٹس لیا جائے، تمام صوبوں میں مقامی حکومتوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے،عدلیہ کی جواب دہی کے نظام کومؤثر بنانےاور ججوں کی تعیناتی میں شفافیت لائی جائے۔

ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ سندھ وبلوچستان میں سیلاب کابڑھتاہوا امکان بھی تشویش کا باعث ہے، ریاست کو غیرمحفوظ طبقوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے منظم کوشش کرنا ہوگی۔

انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ومیڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 کے تحت صحافیوں کے تحفظ کیلئے قائم کمیشن کو فعال کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں