فرح خان نے ‘میں ہوں نا’ کے سیٹ پر غصے میں جوتی کیوں ماری تھی؟ زاید خان نے بتادیا

بالی وڈ اداکار زاید خان نے انکشاف کیا ہے کہ 2004 کی سپر ہٹ فلم ‘میں ہوں نا’ میں فرح خان نے ان پر اتنا غصہ کیا تھا کہ جوتی ہی کھینچ کر ماردی تھی۔

‘میں ہوں نا’ بالی وڈ کی تاریخ کی وہ شاندار فلم تھی جسے مداح آج تک فراموش نہیں کر سکے، سدا بہار فلم نے باکس آفس پر بہت سے ریکارڈ توڑے اور آج بھی یہ فلم ایسے دیکھی جاتی ہے جیسے پہلی بار کوئی ہٹ فلم دیکھ رہے ہوں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران زاید خان نے فلم کی ڈائریکٹر فرح خان کا ایک قصہ بتایا کہ گانا ‘چلیں جیسے ہوائیں’ کی عکسبندی کے دوران فرح خان نے مجھ پر بے حد غصہ کیا لیکن غلطی میری بھی نہیں تھی۔

زاید خان نے کہا ‘اس گانے میں میرے اور امریتا راؤ سمیت دیگر بے شمار ڈانسرز تھے، سیٹ پر نظم و ضبط کا ماحول تھا، فرح نے کہا تھا جتنے ٹیک لینے ہیں لے لو لیکن اچھے سے شوٹنگ ہونی چاہیے’۔

فرح خان سے متعلق اداکار نے کہا ‘ایک ٹیک دے کر حالت خراب ہوجاتی تھی، مجھے یاد ہے شوٹنگ کے دوران کیمرہ امریتا سے میری طرف ہونے لگا تو سب نے کہا تیار ہوجاؤ، جلدی، کیمرہ جیسے ہی میری طرف آیا میرے ساتھ کھڑا ڈانسر گرگیا، اس دوران شوٹنگ جاری تھی اور سب ڈانس کر رہے تھے’۔

زاید نے کہا ‘میں نے ڈانس شروع کیا لیکن مجھے احساس ہوا میں اس شخص کے اوپر ڈانس نہیں کرسکتا، میں نے فوراً کٹ بول دیا، جس پر فرح شدید غصے میں آگئی اور اس نے مجھ پر جوتی کھینچ کر ماری، ساتھ ہی گالیاں دینا شروع کردیں’۔

اداکار کے مطابق فرح کا کہنا تھا کہ میرے سیٹ پر کس کی مجال جو میرے علاوہ کٹ بولے اور سین ختم کرے۔

زاید نےکہا بعدازاں اس ڈانسر کو ریسکیو کیا گیا اور عکسبندی دوبارہ سے شروع کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں