انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) میں لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گمبھیر اور افغان فاسٹ بولر نوین الحق کی رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی ویرات کوہلی سے شدید تلخ کلامی کے بعد اب ویرات کوہلی کی انسٹاگرام اسٹوری کے چرچے ہورہے ہیں۔
لکھنو سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیموں کے میچ میں لکھنو سپر جائنٹس کی بیٹنگ کے وقت لکھنو کے بیٹر نوین الحق اور بنگلور کے فلیڈر ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی تاہم امپائر اور ساتھی بیٹر بیچ میں آگئے۔
https://twitter.com/hardickpandya7/status/1653128909087711232?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1653128909087711232%7Ctwgr%5Ef3896873c9e5524be08c6f0675d16417c3a1ad66%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F326326-
یہ لفظی جنگ یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ جیسے ہی رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنو کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔
یہاں بھی بات ختم نہیں ہوئی، نوین الحق کے بعد لکھنو سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ بیٹھے۔
میچ ختم ہونے کے بعد لکھنو سپر جائنٹس کے بیٹر کائل میئرز کوہلی سے گفتگو کررہے تھے کہ گمبھیر نے اچانک انہیں پیچھے کھینچا اور کوہلی سے بات کرنے سے روک دیا۔
ایسے میں بظاہر کوہلی کی جانب سے جملے کسے گئے تو گوتم گمبھیر بھی غصے میں آگئے اور ویرات کوہلی سے تلخ کلامی کرنے لگے تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کروایا۔
کوہلی کی انسٹاگرام اسٹوری:
اب ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر منگل کی صبح ایک اسٹوری شیئر کی ہے۔
ویرات نے سابق رومی شہنشاہ مارکس اوریلیس کے کہے گئے الفاظ والی تصویر شیئر کی جس کے مطابق ‘جو بھی کچھ ہم سنتے ہیں وہ لوگوں کی رائے یا خیال ہوتا ہے، حقیقت نہیں ہوتی، وہ سب جو ہم دیکھتے ہیں وہ لوگوں کا نقطہ نظر ہوتا ہے، سچائی نہیں ہوتی’۔