ثاقب نثار کے بیٹےکی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹےکی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قائم کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کی سربراہی محمد اسلم بھوتانی کو دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق کمیٹی میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر، سید حسین طارق، ناز بلوچ اور خالد حسین مگسی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لےسکے گی اور اپنی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ابوزر چدھڑ سے ٹکٹ کے معاملے پر بات کررہے تھے جب کہ ثاقب نثار نے بھی آڈیو میں بیٹے کی آواز کی تصدیق کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں