ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے پاکستان چھوڑ کر امریکا منتقل ہونیکی وجہ بتادی

ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے پاکستان چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کی وجہ بتادی۔

27 سالہ سمیع اسلم پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں، ان کے کیریئر کا آغاز 2015 میں ہوا اور پھر 2017 کے بعد انہیں کوئی موقع نہیں ملا، 76 فرسٹ کلاس میچز، 80 لسٹ اے میچز اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا بھی موقع ملا۔

سمیع اسلم عید منانے کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے، امریکا روانگی سے سمیع اسلم نے پاکستان چھوڑ کر امریکا جانے کا فیصلہ کرنے کی وجہ بتائی۔

‘زندگی میں جب اچھا موقع ملے تو فائدہ اٹھانا چاہیے’

سمیع اسلم نے کہا کہ پاکستان چھوڑتے وقت میرے دماغ میں کئی سوالات تھے لیکن جو موقع مجھے ملا وہ اچھا تھا، زندگی میں جب اچھا موقع ملے تو فائدہ اٹھانا چاہیے، وہاں بھی کرکٹ کھیلتا ہوں، اس کے علاوہ اور بھی مواقع ہیں، اس لیے میں فیصلے سے مطمئن ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان چھوڑنے کی وجہ یہ تھی کہ یہاں مواقع نہیں مل رہے تھے، 2018 میں ٹیم کے ساتھ رکھ کر مجھے کوئی میچ نہیں کھلایا گیا، ڈومیسٹک میں میری اچھی پرفارمنس ہوتی تھی، ٹیسٹ میچ کے کیریئر میں 4 ، 5 مرتبہ ڈراپ ہوا، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں 900 سے زائد رنز کیے، 80 سے زائد اوسط تھی، اور پھر 2020 میں کووڈ کے دور میں 30 رکنی اسکواڈ میں بھی میرا نام نہ آیا۔

کرکٹر نے کہا میں سمجھ رہا تھا کہ اگر پانچ کا بھی انتخاب ہوا تو میرا نام آئے گا تب میں نے سوچا کہ انہوں نے اب مجھے موقع نہیں دینا، اس لیے جو موقع مجھے ملا، اچھا موقع ملا، فائدہ اٹھایا اس لیے اب مطمئن ہوں۔

پاکستان کی طرف سے لمبا کھیلنا میرا خواب تھا: سمیع اسلم

سمیع اسلم کے دل میں خیال آتا ہے کہ وہ لمبا عرصہ کھیل سکتے تھے، کہتے ہیں کہ پاکستان کی طرف سے لمبا کھیلنا میرا خواب تھا، اس بارے میں ضرور خیال آتا ہے لیکن اپنی زندگی کو بھی دیکھنا ہوتا ہے یہاں مجھے اپنے لیے کچھ اچھا نظر نہیں آرہا تھا، میں نے یہاں بھی کرکٹ ہی کھیلنا تھی جو اب میں امریکا میں کھیل رہا ہوں۔

سمیع اسلم کے امریکا میں رہائش کے حوالے سے خاصے چرچے ہیں، ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ امریکا کے ایسے پوش علاقے میں رہتے ہیں جہاں ایلون مسک سمیت دنیا کے بڑے بڑے امیر رہتے ہیں۔

سمیع اسلم نے اس بارے میں بتایا کہ میں نے اپنی رہائش کے حوالے سے کسی کو انٹرویو نہیں دیا تھا، میرا ایک دوست میرے گھر رہنے آیا تو اس نے میرے گھر کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور بتایا کہ میں کس علاقے میں رہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری رہائش سان فرانسسکو کی اس ویلی میں ہے جہاں ایلون مسک سمیت دنیا کے امیر ترین لوگ رہتے ہیں، ویڈیو کے اپ لوڈ ہونے کے بعد میری رہائش کے چرچے ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں