افسوس کی بات ہے عمران خان کارکنوں اور لیڈرشپ کو بھول گئے: ایمان مزاری

راولپنڈی: رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے ایک بار پھر عمران خان کو تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی برانچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ میری والدہ کو ایک ہفتے میں تین بار گرفتار کیا گیا، آج عدالت نے میری والدہ کے لیے دوسرا ایم پی او آرڈرکالعدم قرار دیا۔
ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو سوچنا چاہیےکہ گھروں کو اس طرح برباد نہ کرے۔

چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہےکہ عمران خان کارکنوں اور لیڈر شپ کو بھول گئے ہیں۔

اس سے قبل بھی ایک ٹی وی پروگرام میں ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ ‏افسوس ہوا عمران خان نے ان کی والدہ کی گرفتاری کے پانچ چھ دن بعد جاکر کوئی بیان دیا اور ان کا نام لیا۔

ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ اس وقت خان صاحب کو صرف اپنی اور اپنی بیوی کی پڑی ہوئی ہے۔

خیال رہےکہ 17مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر شیریں مزاری کو رہا کردیا گیا تھا تاہم پنجاب پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا جس کے بعد آج لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی برانچ نے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں