آئی پی ایل: کوہلی کی ٹیم کو باہر کرنے پر مداح شبمن اور انکی بہن پر برس پڑے

انٹرنیشنل پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے بھارتی کرکٹر شبمن گل اور ان کی بہن شاہنیل گل کے لیے سوشل میڈیا پر نامناسب زبان کا استعمال اور انہیں بدسلوکی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آئی پی ایل میں 70 واں میچ گجرات ٹائٹنز اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا جس میں آر سی بی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 197 رنز بنائے، ٹیم کے اوپنر ویرات کوہلی نے 61 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

تاہم گجرات ٹائٹنز کی جانب سے اوپنر شبمن گل نے 52 گیندوں پر دھواں دھار 104 رنز بنا ڈالے اور یوں شبمن کے باعث ٹائٹنز کو فتح حاصل ہوئی جب کہ رائل چیلنجرز بنگلور لیگ سے باہر ہوگئی۔

کوہلی کی ٹیم کے لیگ سے باہر ہونے پر اسٹار کرکٹر کے مداح سوشل میڈیا پر آپے سے باہر ہوگئے اور آر سی بی کی شکست کی وجہ شبمن گل کو قرار دیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ کچھ صارفین نے تو کرکٹرکی بہن شاہنیل گل کو بھی نہ چھوڑا اور شاہنیل کی 4 ہفتے قبل اسٹیڈیم میں لی گئی تصویر پر منفی تبصروں کی لائن لگ گئی۔
ویرات کوہلی کے مداحوں نے ناصرف شاہنیل کو نشانہ بنایا بلکہ ان کی پوسٹ پر شبمن کے لیے بھی انتہائی غلط زبان استعمال کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ویرات کوہلی کے مداح روہت شرما اور مہیندرا سنگھ دھونی کی موت کی جھوٹی خبریں اور ان کی موت کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں
دوسری جانب متعدد صارفین کی جانب سے منفی ٹوئٹس کی مذمت کی گئی ، مداحوں کی جانب سے کہا گیا کہ اسی لیے وہ آر سی بی کو سپورٹ نہیں کرتے کیونکہ ویرات کوہلی کے مداحوں کو اپنی حدود کا نہیں پتا، وہ حد سے تجاوز کرجاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں