راولپنڈی: 9 مئی کو پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آر پی او سید خرم علی کے مطابق راولپنڈی ریجن کے چار اضلاع میں 514 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جب کہ ضلع اٹک، جہلم، راولپنڈی اور چکوال میں 27 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
آر پی او نے بتایا کہ جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں درج کیا گیا ہے، توڑ پھوڑ پر درج مقدمات میں نامزد اور نامعلوم ملزمان کی تعداد 3 ہزار 293 ہے جب کہ چار اضلاع میں درج مقدمات میں 464 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں، مقدمات میں نامزد ملزمان میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی شامل ہے۔
آر پی او کے مطابق تھری ایم پی او آرڈر کے تحت 240 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 2 ہزار 779 نامعلوم اور نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔